بنگلورو۔30؍ اگست(ایس او نیوز) آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کو مستعد کرنے کے سلسلے میں آج اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے وینو گوپال نے جائزہ میٹنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔ آج دوپہر کے پی سی سی دفتر پہنچتے ہی وینو گوپال نے سب سے پہلے کے پی سی سی پسماندہ طبقات شعبہ اور کے پی سی سی اقلیتی شعبہ کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور ریاست میں حکومت کی طرف سے چلائی جارہی فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے ان دونوں شعبوں کے کارکنوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تکمیل اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ ہو یہ یقینی بنایاجائے۔اس موقع پر ریاستی پسماندہ طبقات شعبہ کے نئے صدر اور رکن کونسل ایم ڈی لکشمی نارائن نے اپنے عہدہ کا جائزہ بھی لیا۔ وینو گوپال مزید دو دن تک بنگلور میں ہی رہیں گے کل وہ بنگلور، میسور ، بلگاوی اور کلبرگی ڈویژنوں کے اہم پارٹی لیڈران ، وزراء ، ضلع کانگریس صدور وغیرہ سے تبادلۂ خیال کریں گے اور آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کو مستعد کرنے کی حکمت عملی کے سلسلے میں اپنی ضروری ہدایات جاری کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی آنے والے انتخابات کیلئے سرکاری سطح پر جو تیاریاں ہونی چاہئے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کی صدارت میں ہونے والی وزارتی کونسل میٹنگ میں بھی وینو گوپال موجود رہیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ وزارتی کونسل میٹنگ سرکاری سطح پر نہیں، بلکہ کانگریس پارٹی سطح پر ہوگی اور اس میٹنگ کا اہتمام کل شام دیون ہلی کی ایک ریسارٹ میں ہوگا۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ سدرامیا تمام ریاستی وزراء کے علاوہ کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور ، کارگذار صدور دنیش گنڈو راؤ ، ایس آر پاٹل وغیرہ شریک رہیں گے۔